واشنگٹن(شِنہوا)وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ اور یوکرین نے جنیوا مذاکرات کے دوران امن فریم ورک کا ’’تازہ ترین اور بہتر‘‘ مسودہ تیار کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے آنے والے دنوں میں مشترکہ تجاویز پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور اس فریم ورک کے تحت حتمی فیصلہ یوکرین اور امریکہ کے صدور کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یوکرین نے اس ضمن میں امریکہ اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں یوکرین پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس کے رہنماؤں پر احسان فراموش ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے لکھا تھا کہ یوکرینی قیادت نے ہماری کوششوں پر بالکل بھی شکر گزاری کا اظہار نہیں کیا۔
امریکہ، یوکرین اور یورپی ممالک کے نمائندے اتوار کے روز جنیوا میں ملے تھے، وائٹ ہاؤس یوکرین کے بحران کے خاتمے کے لئے 28 نکاتی منصوبے پر اتفاق رائے کے حصول کی کوشش کر رہا ہے۔



