بھارتی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار اور بالی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر لاکھوں پرستاروں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے، ان کے انتقال کی خبرجنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس نے شائقین اور فلمی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 89 سالہ معروف اداکار گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے، گزشتہ دنوں انکو سانس سے متعلق شدید تکالیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
میڈیا کے مطابق دھرمیندر کی آخری رسومات پون ہنس کریمیٹریم ممبئی میں ادا کی گئیں جس میں انکی اہلیہ اداکارہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشو دیول، امتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشک بچن، عامر خان سمیت بھارتی فلم انڈسٹری کے کئی بڑے نام شریک تھے۔
معروف فلمساز کرن جوہر نے بھی انسٹاگرام پر دھرمیندر کی موت کی تصدیق کی اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مین سٹریم سنیما کے ہیرو میگا سٹار کا دور ختم ہوا۔
دھرمیندر نے آخری بار اپنی اداکاری کے جوہر فلم اکیس میں دکھائے جو 25 دسمبر کو ریلیز ہونیوالی ہے۔
دھرمیندر سنگھ دیول 1935 کو بھارتی پنجاب میں پیدا ہوئے، انہوں نے متعدد بلاک بسٹر سمیت 306 فلموں میں کام کیا۔
دھرمندر کو مین آف انڈین سنیما کے لقب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
انکا کیریئر چھ دہائیوں پر محیط رہا جس دوران انہوں نے اپنی پرفارمنس، قدرتی دلکشی اور بے مثال ورسٹائل اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص پہچان بنائی۔


