بیجنگ(شِنہوا)چینی سائبر سپیس حکام نے کہا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائے گئے ڈیپ فیک مواد کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں جنہیں لائیو سٹریمنگ ای کامرس میں عوامی شخصیات کی نقالی کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے اور جن کا تعلق جھوٹی تشہیر اور آن لائن خلاف ورزیوں سے ہے۔
چین کی سائبر سپیس انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکام نے حال ہی میں کئی آن لائن اکاؤنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی ہے جو لائیو سٹریمز اور مختصر ویڈیوز میں مصنوعات کی تشہیر کے لئے مشہور شخصیات کی نقل کرنے کے لئے اے آئی کا استعمال کر رہے تھے جس سے صارفین کو گمراہ کیا جا رہا تھا۔
ریگولیٹر نے کہا کہ آن لائن پلیٹ فارمز کو جعلی مواد کے خاتمے کی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت اب تک 8 ہزار 700 سے زائد غیر مطابقت رکھنے والے مواد کو ہٹا دیا گیا ہے اور 11 ہزار سے زیادہ اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جو دوسروں کی نقالی میں ملوث تھے۔
سائبر سپیس انتظانیہ نے مزید کہا کہ سائبر سپیس حکام "اعلیٰ دباؤ” کی پالیسی برقرار رکھیں گے، پلیٹ فارمز کو جوابدہ ٹھہرائیں گے اور بدنیتی پر مبنی مارکیٹنگ اکاؤنٹس کا خاتمہ اور انہیں بے نقاب کرتے رہیں گے تاکہ ایک مثبت آن لائن ماحول برقرار رکھا جا سکے۔


