ہفتہ, نومبر 15, 2025
ہومپاکستانعدلیہ کا کردار تاریک، آئینی ترمیم پر اعتراضات اٹھانے والے نواز شریف...

عدلیہ کا کردار تاریک، آئینی ترمیم پر اعتراضات اٹھانے والے نواز شریف کی نا اہلی کے وقت کیوں خاموش رہے؟، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم پر اعتراضات اٹھانے والے ججز نواز شریف کی نا اہلی کے وقت کیوں خاموش رہے، آج آئینی ترمیم پر شور کرنے والے آدھی رات کو 52 قوانین کی منظوری پر کیوں نہ بولے؟، شور کرنے والوں کو فیصلہ کرنا ہوگا وہ پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں یا دہشت گردوں کیساتھ۔

جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے تلخی کا ماحول بنے، نوازشریف کی حکومت ختم ہوئی تو ہماری عدلیہ نے کیا کردار ادا کیا وہ بتاتا ہوں، پاناما کیس شروع ہوئے تو ثاقب نثار نے 2بینچ تشکیل دیئے ان میں جسٹس اعجاز الاحسن اور دیگر ججز شامل تھے، سابق جج ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال کے بینچ نے کہا نااہلی تاحیات ہوگی، اس کے بعد ایک اور بینچ بنا جس نے قرار دیا کہ کوئی سزا یافتہ شخص سیاسی جماعت کی سربراہی نہیں کرسکتا، پھر سوموٹو اختیار کا معاملہ آیا تو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بینچ نے فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے 27ویں ترمیم پاس کی ہے جس سے آئین کی ہیت ٹھیک ہوئی ہے مگر دو ججز نے ترمیم کو آئین وقانون کیخلاف قرار دیتے ہوئے استعفیٰ دے دیا سوال یہ ہے کہ یہ ججز اس وقت کہا ں تھے جب نواز شریف کو نا اہل قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کردار بھی بڑا تاریک رہاہے، میں صرف جسٹس اطہر من اللہ کے کردار پر روشنی ڈالوں گا، وہ جنرل مشرف کی کابینہ میں شامل تھے جبکہ ان کی والدہ جنرل ضیاء کی مجلس شوری میں شامل تھیں،اب اس لئے انہیں جوش آیا کہ ان کی اجارہ داری ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اس ایوان کی طاقت اس کا سپریم ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں 4دن لگے، مسودہ اتحادی جماعتوں سے شیئر کیا گیا، آج شور کرنے والے اس وقت کیوں نہیں بولے جب آدھی رات کو 52 قوانین پاس کئے گئے اور اسمبلی کو توڑا گیا، یہی دہشتگردوں کو تحفظ دینے والے بھی بنے ہوئے ہیں، یہ بتائیں پاکستان کے وفادار ہیں یا دہشتگردوں کے؟، یہ مسئلہ آہستہ آہستہ سیٹل ہوگا اور ہو بھی رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں دو بڑے حملے ہوئے ایک وانا اور دوسرا اسلام آباد کچہری، وانا میں سیکیورٹی فورسز نے600 سے زائد بچوں کی زندگیاں بچائیں جبکہ اسلام آباد دھماکے کے تمام سہولت کار پکڑے گئے ہیں، ان لوگوں کو فیصلہ کرنا پڑے گا کہ دہشت گردی کیخلاف کھڑے ہیں یا دہشت گردوں کیساتھ، ان کا عمل گواہی دیتا ہے یہ اپنے مفادات کیساتھ کھڑے ہیں۔

Website |  + posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!