اتوار, نومبر 16, 2025
ہومپاکستانسینیٹ اجلاس، 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری دیدی...

سینیٹ اجلاس، 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری دیدی گئی، اپوزیشن کا شدید احتجاج

سینیٹ نے 27ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کی منظوری دے دی۔

جمعرات کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی سے منظور کردہ 27واں آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ وضاحتیں ضروری تھیں اس وجہ سے مزید ترامیم پیش کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کا عہدہ ختم نہیں کیا جارہا، موجودہ چیف جسٹس اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آرٹیکل 6غداری سے متعلق ہے، کوئی عدالت آرٹیکل 6 کے تحت کسی مارشل لا یا غیر آئینی اقدام کی توثیق نہیں کر سکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس، آڈیٹر جنرل کے حلف چیف جسٹس سپریم کورٹ لیں گے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کہا تھا جلد بازی نہ کریں غلطیاں نکلیں گی، جب 27ویں ترمیم اسمبلی پہنچی تو پتہ چلا بہت غلطیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب صرف ایک شخص کے ڈر کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ سب نے تالی بجا کر ثابت کیا یہ جھوٹ اور فریب کی سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ سب کچھ کنٹرول کرنے کیلئے جلد سے جلد آئینی عدالت بنانا چاہتے ہیں۔

نائب وزیراعظم و سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف بھول گئی کیسے جلدی میں اسمبلی توڑی گئی؟، جب عدم اعتماد ہوا تو انہوں نے اسمبلی توڑ دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے خودبخود تو اپلائی نہیں ہوگا، کسی ممبر نے ضمیر کے مطابق ووٹ کاسٹ کیا تو وہ کائونٹ ہوگا، آئین اور قانون کے مطابق وہ ووٹ کائونٹ ہونا چاہئے، 27ویں آئینی ترمیم سینیٹ سے پاس ہو چکی تھی، جب ترمیم اسمبلی گئی تو کچھ کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی، آرٹیکل 6 میں تبدیلی بہت ضروری ہوگئی تھی، سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں سے جو بھی سینئر ہوگا وہ چیف جسٹس آف پاکستان ہوگا۔

بعد ازاں ترامیم کی شق وار منظوری لی گئی اس دوران اپوزیش ارکان نے شدید احتجاج کیا اور چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کے سامنے دھرنا دے دیااور بعد ازاں بائیکاٹ کر کے ایوان سے واک آئوٹ کرگئے۔

ترامیم پر ووٹنگ کے بعد چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا کہ ترامیم کے حق میں64ووٹ جبکہ مخالفت میں4ووٹ آئے ہیں، 27 ویں آئینی ترمیم میں مزید ترامیم کا بل 2تہائی اکثریت سے منظور کیا جاتاہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے 27ویں آئینی ترمیم میں مزید شقوں کی منظوری دینے پر سب سینیٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دعاء ہے یہ ساری کارروائی ملکی بہتری کیلئے استعمال ہو۔

Website |  + posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!