اسلام آباد کچہری میں گزشتہ روز ہونیوالے خودکش دھماکے پر جہاں ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور مذمت کی جارہی ہے وہاں عالمی رہنمائوں اور تنظیموں کی جانب سے بھی شدید مذمتی بیانات سامنے آئے ہیں، عالمی برادری کا ایک واضح موقف ہے کہ ایسے بزدلانہ اقدامات پاکستان کو کمزور نہیں کرسکتے، بلکہ دہشتگردی کیخلاف عزم کو مزید مضبوط کرینگے۔
اقوام متحدہ، امریکہ، چین، برطانیہ، ترکی، قطر اور متحدہ عرب امارات نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم انسانوں کو مارنا کسی طرح بھی مناسب عمل نہیں، یہ اقدام انسانی حقوق اور عالمی قوانین کیخلاف ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان عزیز حق نے کہا کہ سیکرٹری جنرل دہشتگردی کے تمام واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔
امریکہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرایک بیان میں کہا کہ ہم پاکستان کیساتھ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کھڑے ہیں، ہماری ہمدردیاں ان خاندانوں کیساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے ہیں۔
چین نے بھی اسلام آباد دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
برطانیہ کے ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہیں انہوں نے برطانوی شہریوں کو پاکستان میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
ترکی کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں ہونیوالے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور پاکستان کیساتھ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
قطر اور متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان میں ہونیوالے دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور پاکستانی حکومت اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی، تشدد اور انتہا پسندی کی مخالفت کرتے ہیں۔


