بیجنگ(شِنہوا)چین کا مرکزی بینک مالیاتی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات پر عملدرآمد کرے گا جس کا مقصد صارفین کے اخراجات میں اضافہ کرنا ہے۔
پیپلز بینک آف چائنہ (پی بی او سی) کی جانب سے جاری کردہ 2025 کی پہلی سہ ماہی کی مالیاتی پالیسی رپورٹ کے مطابق وہ معتدل نرم مالیاتی پالیسی کو بہتر طریقے سے نافذ کرے گا۔ اسی کے ساتھ وہ ساختی پالیسی ٹولز کے اطلاق کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ ان ٹولز کے ذریعے مالیاتی اداروں کو رہنمائی فراہم کی جائے گی کہ وہ سیاحت، کھانے پینے، تفریح اور تعلیم جیسے کلیدی شعبوں میں کھپت کی بہتر انداز میں معاونت کرسکیں۔
رپورٹ کے مطابق پی بی او سی کھپت کو فروغ دینے کے لئے مالیاتی پالیسیوں کا ایک جامع پیکیج متعارف کرائے گا جس میں سپلائی کے ساتھ معاونت پر زور دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق مالیاتی اداروں کو صارفین کی اہم ضروریات، بڑی حکمت عملیوں اور ترجیحی گروہوں کے لئے قرض کی مصنوعات اور خدمات کو بہتر بنانے کی ترغیب دی جائے گی جبکہ مرکزی بینک آٹو فنانس کمپنیوں اور صارف فنانس اداروں کو مالیاتی بانڈز جاری کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ مرکزی بینک کا مقصد چین کا دورہ کرنے والے غیر ملکیوں کے لئے ادائیگی کی سہولت کو بہتر بناتے ہوئے ایک موثر اور آسان ادائیگی نظام تعمیر قائم کرنا ہے۔
