اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی صنعت و پیداوار ہارون اختر نے ماربل سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے اور قومی ماربل پالیسی جلد متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسڈیک اور نجی شعبہ ماربل پروسیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی، اختراعات کے استعمال کو فروغ دے، ویلیو ایڈیشن، بہتر برانڈنگ کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔
جمعرات کو ہارون اختر کی زیر صدارت آل پاکستان ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن اور پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک)کا اجلاس ہوا جس میں ماربل برآمدات میں درپیش رکاوٹوں، ویلیو ایڈیشن چیلنجز، ماربل سیکٹر کیلئے مراعات و سہولتوں کے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ہارون اختر خان نے ماربل سیکٹر کوصنعت کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شعبہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی ماربل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی تاکہ موجودہ مسائل کے حل اور پائیدار صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ماربل عالمی معیار کا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ویلیو ایڈیشن اور بہتر برانڈنگ کے ذریعے اس کی برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت کاروں کیساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ پالیسی سطح پر اصلاحات لائی جا سکیں جو اس شعبے میں مسابقت اور پیداواریت میں اضافہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ماربل سیکٹر کے استحکام سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت سرمایہ کاروں اور برآمدکنندگان کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جدید مہارتوں کی تربیت اور تکنیکی معاونت کی فراہمی سے ماربل انڈسٹری کو مزید فعال اور عالمی سطح پر مسابقتی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاسڈیک اور نجی شعبے کو ہدایت کی کہ وہ ماربل کی پروسیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی اور اختراعات کے استعمال کو فروغ اور اٹلی کیساتھ تعاون کیلئے تجاویز تیار کریں۔



