اسلام آباد: رہنماء پیپلز پارٹی شازیہ مری نے واضح کیا ہے کہ 18ویں ترمیم کے صوبائی اختیارات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، 27ویں آئینی ترمیم بارے فیصلہ سی ای سی میں کیا جائیگا، عوامی مفاد مدنظر رکھیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے بتایا کہ کافی عرصے سے 27ویں ترمیم کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، اب وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات میں 27ویں ترمیم پر حمایت مانگی ہے، ترمیم سے متعلق پیپلز پارٹی کی سی ای سی میں فیصلے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں صوبوں کے اختیارات سے پیچھے ہٹنا مناسب ہے نہ ممکن، 18ویں ترمیم صوبوں کے دلوں کے قریب ہے، اس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، صوبوں کے اختیارات پر پیپلز پارٹی نے اتفاق رائے پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام چیزیں اپنے اصولی موقف پر دیکھے گی، حکومت اگر کسی چیز پر متفق ہے اور ہمیں متفق کرنا چاہتی ہے تو اس پر بات ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ساتھ بیٹھیں گے تو عوامی مسائل پر بات کریں گے، 27ویں آئینی ترمیم کو عوامی اعتبار سے بھی دیکھا جائے گا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارا سادہ سا مطالبہ تھا کہ سیلاب میں تکلیف اٹھانے والوں کی طرف دھیان دیا جائے، ہم نے کبھی لفظوں کی جنگ نہیں چھیڑی، اس وقت سب کی توجہ بے روزگاری ،دہشت گردی اور معاشی حالات جیسے مسائل پر ہونی چاہئے۔



