ہانگ ژو(شِنہوا)عالمی نوجوان کاروباری افراد کے درمیان مکالمے اور تعاون کے موضوع پر فورم چین کے مشرقی صوبے ژے جیانگ کے شہر آن جی میں شروع ہوگیا، جس میں دنیا بھر سے 260 سے زائد نوجوان شریک ہیں۔
نوجوان کاروباری افراد کے لئے بین الاقوامی تعاون و ترقی کی یہ دوسری کانفرنس چین انٹرنیشنل یوتھ ایکسچینج سنٹر اور انٹرنیشنل الائنس آف ینگ انٹرپرینیورز ایسوسی ایشنز کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کی گئی۔
افتتاحی تقریب کی خاص بات انٹرنیشنل ینگ انٹرپرینیورز انوویشن کوآپریشن (آن جی) اعلامیے کا اجرا تھا، جس میں نوجوان کاروباریوں سے تقاضا کیا گیا کہ وہ عالمی معیشت کی تشکیل نو میں فعال کردار ادا کریں، کثیرالجہتی تجارتی نظام کو برقرار رکھیں اور کھلی عالمی معیشت کے قیام میں حصہ ڈالیں۔
تنزانیہ کے نمائندے جوزف فریڈرک مرامبا نے امید ظاہر کی کہ یہ اعلامیہ دنیا بھر کے نوجوان کاروباریوں کے درمیان عملی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا اور نئے مواقع پیدا کرے گا۔
اقوام متحدہ کے سابق نائب سیکرٹری جنرل فبریزیو ہوچ شیلڈ نے کہا کہ بہترین اختراعات بین الاقوامی تعاون اور کمپنیوں کے درمیان سرحد پار اشتراک سے جنم لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ نوجوان کاروباری افراد، سائنسدان اور محققین مسائل پر قابو پاتے ہوئے بہتر سمجھ بوجھ اور تعاون کی بنیاد رکھیں گے جو عالمی امن اور جدت دونوں کے لئے مفید ہوگی۔
انٹرنیشنل الائنس آف ینگ انٹرپرینیورز ایسوسی ایشنز کی ایگزیکٹو کمیٹی کی چیئرپرسن ڈیبورہ بوٹریو نے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ یہ اتحاد مشترکہ اختراعی مراکز کے قیام، علاقائی کاروباری نظاموں کی تشکیل اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے فروغ میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔



