منگل, اکتوبر 28, 2025
ہومLatestگندم کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندی، فیصل کنڈی کی وزیراعظم سے...

گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندی، فیصل کنڈی کی وزیراعظم سے فوری مداخلت کی اپیل، خط ارسال

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف سے مداخلت کی اپیل کردی۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں فیصل کریم کنڈی نے لکھا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندیاں غیر قانونی ہیں، یہ پابندیاں خیبرپختونخوا کی غذائی سلامتی کو متاثر کر رہی اور وفاقی تعاون کے آئینی اصولوں کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے وزیراعظم کی قیادت میں یہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا۔گورنر فیصل کنڈی نے وزیراعظم کو ارسال خط بھی سوشل میڈیا سائٹ پر شیئر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا گندم کے لحاظ سے کمی والے صوبے میں شمار ہوتا ہے اور اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے بڑی حد تک دیگر صوبوں سے آنیوالی گندم پر انحصار کرتا ہے تاہم عائد پابندیاں سنگین تشویش کا باعث اور آئین کے آرٹیکل 151کی خلاف ورزی ہیں جو صوبوں کے درمیان تجارت، کاروبار اور نقل و حرکت کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے خط میں کہا ہے کہ گندم کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ مصنوعی قلت، قیمتوں میں اضافہ اور عوامی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے جس سے عوامی ناراضگی جنم لے سکتی ہے۔

خط میں وزیراعظم سے معاملے پر فوری مداخلت کی اپیل اور متعلقہ حکام کو پابندیاں ختم کر کے خیبرپختونخوا میں گندم کی بلا رکاوٹ و محفوظ ترسیل یقینی بنانے کے احکامات دینے کی درخواست کی گئی ہے۔

گورنر نے خط میں لکھا ہے کہ یقین ہے وزیراعظم کی قیادت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے آئینی حقوق کا مو ثر اور بروقت تحفظ کیا جائے گا۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!