کوالالمپور(شِنہوا)جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کا 47 واں سربراہی اجلاس اور اس سے منسلک اجلاس اتوار کے روز ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں شروع ہوگئے۔ اجلاس کا موضوع "شمولیت اور پائیداری” ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم اور آسیان 2025 کے چیئرمین انور ابراہیم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مسابقت اور غیر یقینی صورتحال نہ صرف آسیان کی معیشتوں بلکہ تعاون پر یقین رکھنے کے اجتماعی عزم کو بھی آزما رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آسیان کی طاقت اس یقین میں ہے کہ باہمی احترام اور عقل و دانش اب بھی رکن ممالک کو ایک دوسرے سے جوڑے ہوئے ہیں۔
ان کے خطاب کے بعد تیمور-لیستے کو آسیان میں شامل کرنے کے اعلامیے پر دستخط کئے گئے جس کے ساتھ ہی تیمور-لیستے تنظیم کا 11 واں رکن بن گیا۔
اتوار سے منگل تک جاری رہنے والے ان سربراہی اجلاسوں کے دوران تنظیم کے رہنما آسیان برادری کی تعمیر اور بیرونی تعلقات سے متعلق امور پر غور کریں گے۔
رہنما خطے میں مزید انضمام، اقتصادی ترقی کے فروغ اور آسیان ممالک کے درمیان بہتر روابط بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
1967 میں قائم ہونے والی اس تنظیم کے اراکین میں برونائی، کمبوڈیا، انڈونیشیا، لاؤس، ملائیشیا، میانمار، فلپائن، سنگاپور، تھائی لینڈ، ویتنام اور تیمور-لیستے شامل ہیں۔



