وزیر اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 27 اکتوبر بروز پیر سے تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہو گا جس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت وفاقی کابینہ کے اہم وزرا شامل ہوں گے، جو مستقبل سرمایہ کاری اقدام (ایف آئی آئی 9)کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے۔
اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر اعظم اپنے قیام کے دوران سعودی قیادت سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی معاملات بھی زیرِ غور آئیں گے۔
ایف آئی آئی 9 کے موقع پر وزیر اعظم دیگر شریک ممالک کے رہنماں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ایف آئی آئی 9 عالمی رہنماوں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ماہرین جدت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا جہاں ترقی کی کنجی نمو کی نئی سرحدوں کا حصول کے موضوع پر عالمی چیلنجز اور مواقع پر غور کیا جائے گا۔
ان مباحثوں میں جدت، پائیداری، معاشی شمولیت اور جیوپولیٹیکل تبدیلیوں جیسے اہم امور شامل ہوں گے۔ ان روابط کے ذریعے پاکستان کی سرمایہ کاری صلاحیت اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون کی تیاری کو اجاگر کیا جائے گا جو سوچیں، تبادلہ کریں اور عمل کریں کے ماڈل سے ہم آہنگ ہے۔
یہ دورہ اقتصادی سفارت کاری کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داریوں کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔



