دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے بولی وڈ کے تین بڑے ستاروں شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کو یکجا کردیا۔
یہ تصویر سعودی عرب کے شہر ریاض میں جاری "جوائے فورم 2025” کے دوران لی گئی جسے مسٹر بیسٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "ہے انڈیا، کیا ہم سب کچھ ساتھ میں کریں؟”۔
ان کے اس ایک جملے نے مداحوں کے درمیان چہ مگوئیاں شروع کر دیں کہ شاید وہ جلد ہی تینوں خانز کے ساتھ کسی بڑے پروجیکٹ یا ویڈیو میں نظر آئیں گے۔
تصویر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان سوٹ میں انتہائی دلکش لگ رہے ہیں، جبکہ عامر خان نے سیاہ کُرتا اور سفید پاجامہ پہن رکھا ہے۔ مسٹر بیسٹ سادہ مگر اسٹائلش بلیک لباس میں تینوں کے ساتھ خوشگوار انداز میں مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں۔
جیسے ہی یہ تصویر وائرل ہوئی سوشل میڈیا پر مداحوں نے تبصروں کی بھرمار کر دی۔ ایک صارف نے لکھا کہ امبانی کے بعد صرف مسٹر بیسٹ نے تینوں خانز کو ایک ساتھ لا کھڑا کیا۔
جب کہ ایک اور کا کہنا تھا کہ مسٹر بیسٹ اور بالی وڈ کے تینوں بادشاہ ایک فریم میں، اگلا سرپرائز کیا ہوگا؟۔
واضح رہے کہ شاہ رخ، سلمان اور عامر خان تین دہائیوں سے بالی وڈ کے سب سے بڑے نام ہیں جنہیں ایک ساتھ دیکھنے کے مواقع بہت کم ملتے ہیں۔