وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین سیز فائر کا معاہدہ طے پاگیا ہے، پاکستان کی سرزمین پہ افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہوگا، انہوں نے کہاکہ 25اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، اور تفصیلی معاملات بات ہوگی، ہم قطر اور ترکیہ دونوں برادر ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
واضح رہے قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں مذاکرات کا پہلا دور قطری دارالحکومت دوحہ میں مکمل ہو جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، پاکستانی سکیورٹی حکام نے بھی وزیر دفاع کی معاونت کی۔
دوسری جانب افغان وفد کی سربراہی وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی، افغان انٹیلی جنس مولوی عبدالحق بھی شریک ہوئے۔
مذاکرات 13 گھنٹے تک جاری رہے جن میں جنگ بندی پر اتفاق کر لیا گیا۔