بیجنگ(شِنہوا)بیجنگ اپنے 2 بڑے ہوائی اڈوں بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور بیجنگ داشنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لئے بلند اہداف مقرر کرکے ان سنگ میلوں کو 2030 تک حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ 2030 تک ان دونوں ہوائی اڈوں پر مسافروں کی مجموعی آمدورفت 16 کروڑ سے تجاوز کرنے کی توقع ہے جبکہ ان کی مجموعی مال برداری اور ڈاک کا حجم 25 لاکھ ٹن سے بڑھنے کا امکان ہے۔
بیجنگ شہری ترقی و اصلاحات کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لائی شیان یو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگلے 5 سال میں ان دونوں ہوائی اڈوں اور بڑے عالمی ہوا بازی مراکز، اہم دارالحکومتوں اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے شراکت دار ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے کےلئے کوششوں کو تیز کیا جائے گا۔
لائی نے مزید کہا کہ داشنگ ایئرپورٹ پر سیٹلائٹ ہال منصوبے کی تعمیر جلد شروع ہو گی جس سے ایئرپورٹ کی بین الاقوامی مسافروں کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
اس وقت یہ دونوں ہوائی اڈے 64 ممالک اور خطوں میں 120 سے زیادہ مقامات کے لئے روٹس پیش کرتے ہیں جو روٹ کوریج کے لحاظ سے ملک میں سرفہرست ہیں۔
2024 میں ان دونوں ہوائی اڈوں پر مسافروں کی مشترکہ فضائی آمدورفت 11 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
اسی سال بیجنگ میں آنے اور جانے والے غیر ملکی مسافروں کی تعداد 48 لاکھ 50 ہزار رہی جو گزشتہ سال کی نسبت 125 فیصد زائد ہے۔
