اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ غزہ میں خون کی ہولی پرآواز نہ اٹھانے والوں نے جنگ بندی پر احتجاج شروع کردیا، مذہب کے نام پر تشدد کا سبق پڑھانا، معاشرہ یرغمال بنانا بند ہونا چاہئے۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے لکھا کہ آج صبح 12شہیدوں کے جنازے پڑھنے کی سعادت ملی، وطن کے ان بیٹوں نے مٹی کی محبت میں اپنی جان وار دی، قوم ان کی ممنون ہے، یہ شہید وہ قرض اتار رہے ہیں جو ساری قوم پر واجب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو ممنون اور احسان مند ہونے کی شہادت دینی ،متحد ہو کے اپنے بیرونی و اندرونی دشمنوں سے نبرد آزما ہونا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ 2سال غزہ میں ظلم اور خون کی ہولی کھیلی گئی کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، جب وہاں جنگ بندی ہو گئی تو یہاں احتجاج شروع ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانا، سڑکیں بند کر کے عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے، وقت آگیا ہے معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کا سبق پڑھانا بند ہونا چاہئے، ہمارا دین قرآن و سنت سب بھائی چارہ، پیار اور محبت کے پیامبر ہیں، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں اور دنیا و آخرت سنواریں۔