پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ حاصل کر کے وزیراعلی خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے۔
پیر کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت شروع ہوا۔
سپیکر نے نئے وزیراعلی کے انتخاب کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ 5منٹ تک گھنٹیاں بجائی جائیں گی، غیر حاضر اراکین واپس آجائیں، اندر موجود ارکان کو باہر جانے کی اجازت نہیں، اراکین اسمبلی لابی کے گیٹ پر موجود رجسٹر میں اپنے ناموں کا اندراج کریں۔
بابر سلیم سواتی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی علی امین نے آئین کے آرٹیکل 130کی شق 8کے تحت استعفیٰ دیا، 8اور 11اکتوبر کو گورنر کو بھیجے گئے دونوں استعفوں پر علی امین کے ہی دستخط ہیں نیز استعفے کے تمام لوازمات آئین اور قانون کے مطابق تھے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر کا اقدام مکمل طور پر غیر آئینی ہے، رولنگ دیتا ہوں سہیل خان کو پارٹی کے چیئرمین نے نامزد کیا ہے۔ بعد ازاں نئے وزیراعلی کے انتخاب کا عمل شروع ہوا، ووٹنگ کے بعد سپیکر نے بتایا کہ سہیل آفریدی 90 ووٹ حاصل کر کے نئے وزیراعلی خیبرپختونخوا منتخب ہوگئے ہیں۔