کراچی (لارڈ میڈیا): سی ٹی ڈی آپریشن کراچی نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کے دوران کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ ٹارگٹ کلر سید محمد عسکری عابدی کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور کلاشنکوف برآمد کی گئی جبکہ اس کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات درج ہیں، جن میں تھانہ جمشید کوارٹر، تھانہ فیروز آباد اور تھانہ تیموریہ شامل ہیں۔ مزید دو مقدمات بھی سی ٹی ڈی آپریشن کراچی میں درج کیے گئے ہیں۔
گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں تک رسائی کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔


