کراچی (لارڈ میڈیا): شہر قائد میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث ایک اور شہری آوارہ کتوں کا شکار ہوگیا۔ قیوم آباد کے 24 سالہ شہریار ریبیز کے باعث جناح اسپتال میں انتقال کرگئے۔ شہریار کو دو ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم کتے کے کاٹنے کے بعد اس نے ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی۔
شہریار کو آج صبح 3 بج کر 40 منٹ پر جناح اسپتال کی ایمرجنسی لایا گیا۔ مریض کو ایک ہفتے سے چڑچڑاپن، بے چینی اور پانی سے خوف کی علامات تھیں۔ اسے ریبیز اینسیفلائٹس کے شبہ میں علاج فراہم کیا گیا۔ جناح اسپتال کی نیورومیڈیسن ٹیم نے اس کا معائنہ کیا۔
شہریار کو سکون آور ادویات بھی دی گئی تھیں، تاہم وہ دوران علاج جانبر نہ ہوسکے اور آج صبح 9 بجے انتقال کرگئے۔ واضح رہے کہ رواں سال 18 افراد ریبیز کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔ ان میں 11 اموات انڈس اسپتال جبکہ 7 افراد جناح اسپتال میں انتقال کرچکے ہیں۔
رواں سال سے اب تک مجموعی طور پر 30 ہزار سے زائد سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔


