اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس کی 55ویں برسی پر صدر مملکت آصف زرداری اور مسلح افواج کے سربراہان نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راشد منہاس کو ان کی قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے 1971 میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے قربانی دی۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ راشد منہاس کا عمل جرات اور وفاداری کی مثال ہے جو قوم اور افواج کو متاثر کرتا رہے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی راشد منہاس کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کم عمری میں وطن کی خاطر جان دے کر جرات اور حب الوطنی کی مثال قائم کی۔ ان کی قربانی ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔
ایوان صدر کے اعلامیے میں کہا گیا کہ قوم راشد منہاس اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔


