تہران (لارڈ میڈیا) ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز میں جہازرانی کے راستے کے نقشے پر اتفاق کرلیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ مذاکرات میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے اور فریقین پیشرفت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز میں عدم استحکام کا ذمہ دار ایران نہیں بلکہ امریکا اور اسرائیل ہیں۔
اسماعیل بقائی نے دعویٰ کیا کہ 28 فروری تک آبنائے ہرمز میں کوئی مسئلہ نہیں تھا لیکن امریکا اور اسرائیل نے اس خطے کو ایران کے خلاف استعمال کیا۔ ایران قومی سلامتی اور اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ عمان کے ساتھ مذاکرات اور آبنائے ہرمز کھولنا دو الگ معاملات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمان کے ساتھ تکنیکی سطح پر مذاکرات ہورہے ہیں جن کا تعلق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت سے ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کھلنے کا انحصار امریکا پر ہے اور امریکا کو مفاہمتی یادداشت میں طے ہونے والی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔


