گوجرانوالہ (لارڈ میڈیا): گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں دو پولیس مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ تھانہ لدھیوالہ وڑائچ پولیس کے مطابق نابالغ بھانجی کو متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم، جو پولیس کو مطلوب تھا، اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ناکے پر فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے پسٹل 30 بور برآمد ہوا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
دوسری کارروائی میں تھانہ کوتوالی پولیس نے منشیات کے متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم ثاقب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ریڈ کے دوران فرار ہونے کی کوشش میں ملزم زخمی ہوا اور اس کے قبضے سے منشیات برآمد ہوئیں۔
فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ معاشرے کا سکون تباہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


