لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور ٹریفک پولیس نے خطرناک ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور نے سڑکوں کو ریسنگ ٹریک سمجھنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر موصول ہونے والی ویڈیوز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ زگ زیگ، روڈ بلاکنگ، ڈرفٹنگ اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف مقدمات درج ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے ڈرائیورز اور گاڑیوں کی شناخت کر کے گرفتاریاں کی جائیں گی۔
لاہور ٹریفک پولیس نے اب تک تھانہ فیکٹری ایریا، تھانہ نارتھ کینٹ اور تھانہ سبزہ زار میں تین مختلف واقعات کے مقدمات درج کیے ہیں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں کی صلاحیتوں کو تعمیری کاموں میں وقف کریں۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ ریج، روڈ بلاکنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کی ویڈیوز 03225638888 پر واٹس ایپ کریں۔


