پشاور (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد مارچ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا جس میں مارچ کی تاریخ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی، لیکن پارلیمانی پارٹی نے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ ارکان نے کہا کہ مارچ مؤخر کرنے سے کارکنوں کا حوصلہ متاثر ہوگا اور آئندہ احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت کی مشکلات پیش آئیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 4 اکتوبر کے مارچ کی تیاریاں مقامی سطح پر پارٹی کارکنوں اور قیادت کے ذریعے مکمل کی جائیں گی۔ نوشہرہ جی ٹی روڈ پر ٹینٹ سٹی اور موٹروے پر صوابی کے قریب احتجاجی خیمہ بستی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پارٹی قیادت نے کارکنوں کو بڑی گاڑیوں کے بجائے موٹرسائیکل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مارچ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پارٹی کی فنڈ ریزنگ مہم پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اجلاس میں کارکنوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک کرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے پر زور دیا گیا۔ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، مگر 4 اکتوبر کی تاریخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان کی رہائی اور دیگر سیاسی مطالبات کے لیے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، جو ابتدائی طور پر 27 ستمبر کو ہونا تھا، لیکن بعد میں اسے 4 اکتوبر تک مؤخر کردیا گیا۔


