وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کی تیاری و منظوری میں شہید بھٹو کا کردار تعمیری، جمہوریت میں عوامی طرز حکمرانی، عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کاوشیں قابل قدر ہیں۔
ہفتے کو ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ شہید بھٹو نے وزیراعظم کی حیثیت سے ملک کی ترقی و خوشحالی اور مضبوط دفاع کے تناظر میں خلوص نیت سے گراں قدر خدمات سر انجام دیں، آئین پاکستان 1973ء کی تیاری اور منظوری میں ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیری کردار ادا کیا جسے پارلیمانی نظام کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت میں عوامی طرز حکمرانی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے قابل قدر کاوشیں کیں، وزیراعظم کی حیثیت سے عالمی افق پر پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


