سائیکل پر دنیا کا سفر کرنیوالے ایک جرمن شہری کو اسلام آباد پہنچتے ہی چوری کی واردات کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاح فلپ سیم نے رات گزارنے کیلئے اسلام آباد ایکسپریس وے پر تھانہ کھنہ کے علاقے میں کیمپ لگایا، وہ اپنے عالمی سائیکل سفر کے دوران پاکستان پہنچے تھے۔
رپورٹس کے مطابق جب وہ اگلی صبح بیدار ہوئے تو انکی سائیکل اور قیمتی کیمرہ چوری ہو چکے تھے جس پر انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، واقعہ کے بعد جرمن سفارتخانے کی درخواست پر اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور تلاش کے بعد سائیکل برآمد کر لی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور چوری میں ملوث ملزمان کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ واقعہ دارالحکومت میں سیکیورٹی اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کو بھی جنم دے رہا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔


