وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت صوبائی سطح پر کرائسز مینجمنٹ پالیسی تشکیل دیگی، مہنگائی کے اثرات کم کرنے کیلئے مزید ریلیف اقدامات جلد متعارف کروائے جائینگے۔
صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق نے پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بوجھ بڑھا دیا، پاکستان کی تقریبا ً 45 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جا چکی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وقتی اور نمائشی اقدامات سے مسائل حل نہیں ہونگے، مستقل اور دیرپا پالیسی ناگزیر ہے، حکمران عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہے ہیں، حکمرانوں کے پاس بحران سے نکلنے کا واضح منصوبہ نہیں ہے۔
انکا کہنا تھا کہ این ایف سی میں صوبے کا حصہ مکمل طور پر ادا نہیں کیا جا رہا، قبائلی اضلاع کو مالی طور پر مکمل ضم نہ کرنا وفاق کی ناکامی ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں صوبہ اپنے وسائل استعمال کر رہا ہے، وفاق سے امداد نہیں مل رہی،درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے۔


