پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 65فیصد تک اضافہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے اسلام آباد کا کرایہ 3000روپے سے بڑھا کر 4000روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے پشاور کا کرایہ 3500سے بڑھ کر 4600روپے ہوگیا ہے، اسی طرح لاہور سے سرگودھا کا کرایہ 1550سے بڑھا کر 2550روپے اور لاہور سے فیصل آباد کا کرایہ 135 سے بڑھا کر 2350روپے مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور سے کراچی کا کرایہ 8600روپے سے بڑھا کر 12000روپے جبکہ لاہور سے حیدر آباد کا کرایہ 9200سے بڑھا کر 13000روپے کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں لاہور سے رحیم یار خان کا کرایہ 4250سے بڑھا کر 5300روپے، مری کا کرایہ 3300سے بڑھا کر 4500روپے اور ملتان کا کرایہ 2800سے بڑھا کر 3700روپے کر دیا گیا ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹرز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیساتھ سپیئر پارٹس بھی مہنگے ہو چکے ہیں جس وجہ سے اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اگر کرایوں میں اضافہ نہ کیا جائے تو گاڑیاں چلانا ممکن نہیں رہے گا اور گاڑیاں بند کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
دوسری جانب مسافروں نے کرایوں میں بڑے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔


