ورلڈ بینک نے پاکستان کے توانائی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے ترسیل و تقسیم نظام میں بہتری کیلئے تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی طلب میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے ، حکومت ٹیرف کو مسابقتی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
جمعرات کو وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اویس لغاری نے توانائی اصلاحات کے حوالے سے ورلڈ بینک سے تعاون کی درخواست کی جبکہ ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے توانائی اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے ترسیل و تقسیم نظام میں بہتری کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث توانائی شعبے پر مرتب ہونیوالے اثرات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بجلی طلب میں اضافہ حکومتی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے، حکومت ٹیرف کو مسابقتی بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صنعتی شعبے کیلئے رعایتی ٹیرف کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مزید اقدامات بھی جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹائم آف یوز ٹیرف متعارف کرانے پر کام جاری ہے، اسی طرح شمسی توانائی کے وسیع استعمال کیلئے بھی حکومتی منصوبہ زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے مشاورت کی جا رہی ہے، مقامی وسائل سے بھی بجلی کی پیداوار بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے، قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے عالمی تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا۔


