وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں بہتر مانیٹرنگ اور گڈ گورننس کے باعث تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق شکایات نہایت کم ہو گئی ہیں جو ایک مثبت پیشرفت ہے، صوبے کے 36 اضلاع میں گزشتہ 9 ماہ کے دوران 412 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مجموعی طور پر 3675 شکایات موصول ہوئیں، شکایات میں زیادہ تر کا تعلق تعلیم اور صحت کے اداروں کی بندش اور عملے کی غیر حاضری سے تھا، مارچ کے دوران 871شکایات میں سے صرف 4شکایات اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب یہ مسئلہ بڑی حد تک حل ہو چکا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر حاضری کے مسائل میں کمی موثر اور بروقت انتظامی اقدامات کا نتیجہ ہے جس سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، اب کھلی کچہریوں میں عوام سروس ڈلیوری سے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، صوبے میں شفافیت اور گڈ گورننس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کے سکولوں اور ہسپتالوں کو فعال بنایا جا رہا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ اساتذہ سکولوں میں اور ڈاکٹرز ہسپتالوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔


