وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے پرعزم ہیں، معاشی شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن اپنا کر شفافیت یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کمپنی وی آن گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسرکان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، جیز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو افیسر عامر ابراہیم اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے خیر سگالی جذبات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عالمی سرمایہ کاروں بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی سہولت کیلئے پر عزم ہے، پاکستان معیشت کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو اپناتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کو 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد عوام کو معیاری انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تعمیری شرکت سے ملکی معیشت اور دیگر معیاری سروسز کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کا ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رحجان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے دلچسپی کا باعث ہے۔
اس موقع پر عالمی ڈیجیٹل آپریٹر وی آن گروپ کے چیف ایگزیکٹو افیسر کان ترزی اوعلو نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کیلئے وزیراعظم کی نگرانی میں حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی اور کمپنی کی طرف سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔


