ہومانٹرنیشنلٹرمپ نے نیٹو کو "کاغذی شیر" قرار دے دیا، اتحاد سے علیحدگی...

ٹرمپ نے نیٹو کو "کاغذی شیر” قرار دے دیا، اتحاد سے علیحدگی پر غور کا عندیہ

لندن (شِنہوا) برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے رپورٹ دی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کو نیٹو سے نکالنے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں کیونکہ یہ اتحاد ایران پر حملوں میں شامل ہونے میں ناکام رہاہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ تنازع کے بعد اتحاد میں امریکہ کی رکنیت پر دوبارہ غور کریں گے تو انہوں نے کہا کہ یہ سوال دوبارہ غور کرنے کی حد سے بھی آگے نکل چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں کبھی بھی نیٹو سے متاثر نہیں ہوا۔ میں ہمیشہ سے جانتا تھا کہ یہ کاغذی شیر ہیں۔

ٹرمپ نے نیٹو کے "موجود نہ ہونے” پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ "درحقیقت ناقابل یقین” ہے۔

برطانیہ کو خاص طور پر ہدف بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کے پاس "ایسے طیارہ بردار بحری جہاز ہیں جو کام نہیں کرتے” اور یہ تجویز دی کہ برطانوی بحریہ اس کام کے لئے نااہل ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے انٹرویو سے قبل کہا تھا کہ امریکہ کو تنازع کے بعد نیٹو کی رکنیت کا "ازسر نو جائزہ” لینا ہوگا۔

رپورٹ میں روبیو کے حوالے سے کہا گیا کہ اگر نیٹو کا مقصد صرف یہ ہے کہ ان پر حملہ ہونے کی صورت میں ہم یورپ کا دفاع کریں، لیکن جب ہمیں ضرورت ہو تو وہ ہمیں فوجی اڈوں کے حقوق دینے سے انکار کر دیں، تو یہ کوئی بہت اچھا انتظام نہیں ہے۔ ایسی صورت میں اتحاد کا حصہ رہنا مشکل ہے۔

ٹرمپ نے ‘دی ٹیلی گراف’ کو بتایا کہ وہ روبیو کے ان تبصروں پر "خوش” ہیں۔

ٹرمپ کی تنقید کے بعد برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وہ جنگ کے حوالے سے اپنا موقف تبدیل نہیں کر رہے ہیں۔

متعدد یورپی ممالک نے ایران کے ساتھ جاری تنازع سے دوری برقرار رکھی ہوئی ہے۔ اسٹارمر نے کہا کہ ان کا ملک اس تنازع میں نہیں گھسیٹا جائے گا "چاہے دباؤ کتنا ہی زیادہ ہو اور کسی بھی جانب سے آ رہا ہو” جبکہ سپین نے اپنی فضائی حدود ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی فوجی حملوں سے متعلق تمام پروازوں کے لئے بند کردی ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں