تہران (شِنہوا) ایران کی پارلیمنٹ نے آبنائے ہرمز کے لئے سمارٹ مینجمنٹ کے نفاذ کے منصوبے کی منظوری کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔
نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے صدارتی بورڈ کے ترجمان عباس گودارزی نے کہا کہ نئے منصوبے کو پارلیمنٹ کے ایجنڈے میں شامل کر دیا گیا ہے جس کے لئے 250 سے زائد اراکین پارلیمنٹ کے دستخط حاصل کئے گئے ہیں۔ ایرانی پارلیمنٹ میں کل 290 نشستیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد اس آبی گزرگاہ کی سکیورٹی کو بہتر بنانا اور جہازوں سے مقامی کرنسی ریال میں محصولات جمع کرنا ہے۔
اتوار کو سینئر رکن پارلیمنٹ علی رضا سلیمی نے کہا تھا کہ اس فوری منصوبے کے چار اہم مقاصد ہیں جن میں جہاز رانی کےتحفظ کو یقینی بنانا، ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں سے فیس لینا، رہنمائی کی خدمات کے لئے فیس جمع کرنا اور ایک علاقائی ترقیاتی فنڈ قائم کرناشامل ہے۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب ایران نے آبنائے ہرمز پر سخت کنٹرول قائم کر رکھا ہے اور گزشتہ ماہ کے آخر سے اسرائیل، امریکہ اور ان کے اتحادیوں سے منسلک جہازوں کے گزرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔


