ریکارڈ 17 بار ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن رہنے والے جان سینا نے ریسلنگ کیریئر سے ریٹائرمنٹ کے 3 ماہ بعد ریسل مینیا میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو میں جان سینا نے تصدیق کی کہ وہ ریسلنگ کے سب سے بڑے ایونٹ ریسل مینیا 42 میں نظر آئینگے تاہم اس بار وہ رِنگ میں نہیں بلکہ میزبان کے کردار میں نظر آئینگے۔
ویڈیو میں جان سینا نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد انکا سفر مختلف رہا لیکن اب وہ ایک نئی ذمہ داری کیساتھ دوبارہ ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بن رہے ہیں، ریسل مینیا جیسے بڑے ایونٹ کو میزبان کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ اس کردار کیلئے تیار ہیں۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے بھی اس اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے سینا کو دی گوٹ قرار دیا اور کہا کہ شائقین ایک یادگار ایونٹ کیلئے تیار رہیں۔
اس سے قبل بھی سینا نے اشارہ دیا تھا کہ وہ کمپنی میں اپنے نئے کردار پر کام کر رہے ہیں۔


