ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ضروری ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کر تے ہوئے بے بنیاد قرار دیدیا ہے۔
ترجمان ڈریپ نے کہا ہے کہ ضروری ادویات، بشمول انسولین اور دیگر جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا، گزشتہ چند ماہ کے دوران ضروری ادویات کی قیمتوں میں کسی نئے اضافے کی منظوری نہیں دی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضروری ادویات کی فہرست میں شامل ادویات کی قیمتوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیاں از خود اضافہ نہیں کر سکتی ہیں، ڈریپ ادویات کی دستیابی کے حوالے سے کڑی نگرانی کو یقینی بنا رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے بطور ریگولیٹر تمام فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو دو اہم ایڈوائزریز جاری کی ہیں، کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خام مال کے حصول کے متعدد ذرائع اختیار کریں اور مناسب ذخیرہ برقرار رکھیں تاکہ عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث ادویات کی قلت سے بچا جا سکے۔


