روس کے دارالحکومت ماسکو میں جمعہ کے روز چینی خواتین کی ترقی اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک تصویری نمائش کا افتتاح ہوا۔ نمائش میں چین اور روس کے سیاسی ، تعلیمی، صحافتی اور کاروباری شعبوں سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد مہمان شریک ہوئے۔
یہ نمائش شِنہوا نیوز ایجنسی اور روس میں چینی سفارتخانے کے باہمی اشتراک سے منعقد ہوئی جس میں ژونگ چینگ ٹونگ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا تعاون بھی شامل تھا۔ نمائش میں تقریباً 40 ایسی منتخب تصاویر پیش کی گئیں جن میں چینی خواتین کی ترقی میں پیش رفت اور اس شعبے میں چین روس تبادلوں اور تعاون کے نتائج کی عکاسی کی گئی تھی۔
افتتاحی تقریب کے لئے اپنے پیغام میں شِنہوا نیوز ایجنسی کے صدر فُو ہُوا نے کہا کہ چین کے ریاستی خبر رساں ادارے اور ایک عالمی خبر رساں تنظیم کے طور پر شِنہوا ہمیشہ سےخواتین کی ترقی کے عمل کی گواہ، اس کا دستاویزی ریکارڈ محفوظ رکھنے والی اور اس میں شریک رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ شِنہوا نے چینی اور روسی میڈیا کے درمیان فعال انداز میں پل کا کردار ادا کیا جس سے عوامی روابط اور خواتین سے متعلق شعبوں میں تبادلوں اور تعاون میں مدد ملی۔
فُو نے مزید کہا کہ شِنہوا اس نمائش کو ایک موقع کے طور پر استعمال کرتے ہوئے چین روس میں ہمہ جہت تعاون خاص طور پر خواتین کی ترقی جیسے شعبوں کی کہانیاں بہترین انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے اور عالمی سطح پر خواتین کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
روس میں چین کے سفیر ژانگ ہان ہُوئی نے کہا کہ سال 2026 چین اور روس کے درمیان ہم آہنگ تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 30ویں سالگرہ، اچھی ہمسائیگی اور دوستانہ تعاون کے معاہدے پر دستخط کی 25ویں سالگرہ کے ساتھ ساتھ چین اور روس کے درمیان تعلیمی سالوں کے آغاز کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریق اس نمائش کو خواتین کی ترقی کے شعبے سمیت چین اور روس کے درمیان ہمہ جہت تعاون کی حقیقی تصویر پیش کرنے کا ایک موقع سمجھیں گے۔ خواتین کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، خواتین کے سماجی مقام کو بہتر بنایا جائے گا اور ہر لحاظ سے اُن کی ترقی کی حمایت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی سطح پر خواتین کی ترقی اور آپس کی دیرپا دوستی کو فروغ دینے کے لئے "خواتین کی طاقت” کو مزید تقویت دیں گے۔
روس چین دوستی تنظیم کی پہلی ڈپٹی چیئرپرسن گالینا کولیکووا نے کہا کہ نمائش میں خواتین خلا بازوں، ہوائی جہازوں کی ڈیزائنرز اور فیلڈ ورکرز کی تصاویر نے ان پر ایک گہرا اثر چھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے خواتین کی ترقی کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ خواتین ملک کی تیز رفتار ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
ماسکو سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن اسکرین:
روسی دارالحکومت ماسکو میں چینی خواتین کی ترقی پر نمائش کا انعقاد
چین اور روس کے مختلف شعبوں سے 800 سے زائد مہمان شریک ہوئے
نمائش شِنہوا نیوز ایجنسی اور چینی سفارتخانے کے اشتراک سے منعقد ہوئی
40 منتخب تصاویر میں چینی خواتین کی ترقی اور کامیابیاں نمایاں کی گئیں
فُو ہُوا نے شِنہوا کو خواتین کی ترقی کے عمل میں شریک اور گواہ ادارہ قرار دیا
چین اور روس کے میڈیا کے درمیان رابطوں میں شِنہوا کا فعال کردار ہے
نمائش نے خواتین کے جائز حقوق، سماجی مقام اور ترقی کو اجاگر کیا
چینی سفیر ژانگ ہان ہُوئی نمائش کو دو طرفہ تعاون کا اہم موقع سمجھتے ہیں
گالینا کولیکووا کے مطابق چین نے خواتین کو سازگار ماحول فراہم کیا ہے


