پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان نے لیگ میں ڈیبیو کرنیوالی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کیخلاف 53 رنز کی اننگز کھیل کر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، فخر زمان نے پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں 39 گیندوں پر 53رنز بنائے جس میں 10 چوکے شامل تھے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
فخر زمان اس نصف سنچری کیساتھ ہی پی ایس ایل کی تاریخ میں 3ہزار رنز بنانیوالے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل میں 98میچز کھیل کر 31.10 کی اوسط اور 141.90 کے سٹرائیک ریٹ کیساتھ 3ہزار 17رنز بنائے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل میں دو سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
فخرزمان کو پی ایس ایل میں ایک ہی ٹیم(لاہور قلندرز)کی جانب سے 3ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور یوں وہ پی ایس ایل میں ایک ٹیم کیلئے 3ہزار رنز بنانیوالے پہلے بیٹسمین ہیں۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم پی ایس ایل میں 100میچوں میں 44.51 کی اوسط اور 127.50 کے سٹرائیک ریٹ کیساتھ 3 ہزار 792 رنز بنا رکھے ہیں جس میں دو سنچریاں اور 36نصف سنچریاں شامل ہیں۔
پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بیٹسمینوں کی فہرست میں محمد رضوان تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 93میچوں میں دو ہزار 770بنائے ہیںانہوں نے دو سنچریاں اور 21نصف سنچریاں بنائی ہیں۔


