وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا جبکہ کویت نے ایران، امریکہ کے درمیان پاکستانی ثالثی کوششوں کی مکمل حمایت کی ہے۔
جمعہ کو ولی عہد کویت شیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کویت پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کویتی عوام کیساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی و حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس و تعزیت کا اظہار جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعظم نے کویتی قیادت کو مشرق وسطی میں جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ولی عہد کویت نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کیلئے پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔
انہوں نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے حالیہ اظہارِ یکجہتی کے خط پر اظہار تشکر کیا اور حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کویتی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔


