جی ایس ایم ایسوسی ایشن نے فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کو ڈیجیٹل پاکستان کیلئے اہم سنگ میل قرار دے دیا۔
رپورٹ میں وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کی حکمت عملی کو نمایاں قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت کئی دیگر ممالک سے آگے نکل چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان عالمی سطح پر آخری نمبر سے ترقی کر کے آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے جبکہ جاپان پہلے، چین دوسرے، آسٹریلیا تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، فلپائن، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور سنگاپور پاکستان سے آگے ہیں، مگر پاکستان نے بھارت، ویتنام، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور انڈونیشیا پر سبقت حاصل کر لی ہے۔
جی ایس ایم اے کے مطابق نیلامی سے قبل پاکستان کا سپیکٹرم عالمی سطح پر سب سے کم تھا، تاہم متعدد بینڈز میں فراہمی اور مناسب ریزرو قیمتوں نے کامیابی ممکن بنائی۔
رپورٹ میں کہا ہے کہ نیلامی کے دوران ادائیگی ڈالر کی بجائے روپے میں کرنے کا فیصلہ مثبت اقدام ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے 5Gکے آغاز پر چیلنجز موجود ہیں تاہم ٹیلی کام ٹیکس اصلاحات، ڈیجیٹل اہداف پر توجہ اور طویل مدتی پالیسی ڈیجیٹل تبدیلی میں تیزی لائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق موبائل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ سروسز کی سستی دستیابی شہریوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرے گی اور ڈیجیٹل ترقی کے ذریعے ملک میں نئی اقتصادی اور سماجی راہیں کھلیں گی۔


