وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی جماعت یا شخصیت نہیں قومی مفاد مقدم ہے، مشرق وسطی صورتحال میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، تنقید سب کا حق مگر ملک کا وقار دائو پر نہیں لگایا جا سکتا، اوچھے ہتھکنڈے اور بھونڈی حرکتیں ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں، پاکستان تمام کوششوں کے باوجود مضبوط رہے گا۔
جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ مشرق وسطی کی صورتحال پر پاکستان کا کلیدی کردار سامنے آ رہا ہے، پاکستان کی سفارتی کوششوں کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، معرکہ حق کی فتح نے پاکستان کا مقام بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا، جبکہ ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کی سفارتی کوششوں سے پریشان ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا میں موثر اور بھرپور آواز بن کر سامنے آیا ہے، جنیوا اجلاس میں غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں، ہم سب مملکت پاکستان کی مرہون منت ہیں، سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے، تنقید سب کا حق ہے مگر ملک کا وقار دائو پر نہیں لگایا جا سکتا، قومی مفاد سب سے مقدم ہے ،کوئی سیاسی جماعت یا شخصیت ملک سے مقدم نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ملک کیخلاف پروپیگنڈا قابل قبول نہیں، شخصیت اور انا پرستی ملک کیلئے نقصان دہ ہے، ملک کے خلاف باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں ذمہ دار ملک سمجھا جاتا ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر لا کھڑا کیا، یہاں تک دعائیں کی گئیں ملک ڈیفالٹ کر جائے، لیکن شہباز شریف حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی پوری دنیا نے تعریف کی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اگر ہم ڈیفالٹ کرجاتے تو سب کا نقصان ہوتا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ 2024ء میں پی ٹی آئی نے پاکستان کا جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لینے کی کال دی اور ایکسپورٹرز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، بعض عناصر بیرون ملک پاکستان کے خلاف مہم چلاتے رہے، انہوں نے عارف اجاکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں بھارت کے حق میں کمپین چلاتے اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتے رہے، جبکہ زلفی بخاری اینڈ کمپنی پر بھی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں 50لاکھ گھروں کا نعرہ لگایا لیکن 4سال میں ملک کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے اور بھونڈی حرکتیں ملک کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں، پاکستان تمام کوششوں کے باوجود مضبوط رہے گا۔


