مشہور زمانہ ہیری پوٹر فلم کی ٹی وی سیریز کی نئی کاسٹ کیساتھ ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
وارنر برادرز ڈسکوری نے مشہور کتابی سیریز جے کے رولنگ کی تخلیق پر مبنی نئی ہیری پوٹر سیریز کا پہلا آفیشل ٹیزر جاری کر دیا ہے، ایچ بی او کی ہیری پوٹر ٹی وی سیریز ریبوٹ کرسمس 2026پر ریلیز کی جائیگی جس میں فلم سیریز کے اصل گولڈن ٹرایو یعنی ہیری پوٹر، ہرمیون گرینجر، اور رون ویسلی کی جگہ نئے اداکار لئے گئے ہیں، سیریز کا عنوان ہیری پوٹر اینڈ دی فلوسفر اسٹون رکھا گیا ہے جو امریکا سے باہر پہلی فلم کے نام سے مطابقت رکھتا ہے۔
یہ اعلان ایچ بی او میکس یوکے لانچ ایونٹ کے دوران کیا گیا، ٹریلر میں جادوئی دنیا کے اہم کرداروں کی جھلک دکھائی گئی ہے جن میں ہیری پوٹر کیساتھ آنٹی پیٹونیا، رون ویزلی، ڈریکو مالفوئے، سیورس سنیپ، اولیوانڈر، پروفیسر میکگونگل اور روبیئس ہیگرڈ شامل ہیں۔
ٹریلر کا آغاز ہیری کی مشکل زندگی سے ہوتا ہے جہاں اسے سکول میں تنگ کیا جاتا ہے اور پھر اس موڑ پر آتا ہے جب اسے ہوگ وارٹس سکول آف وچ کرافٹ اینڈ وزرڈری میں داخلے کا خط ملتا ہے جو اسکی زندگی بدل دیتا ہے۔
کہانی کے مطابق ہیری پوٹر بظاہر کوئی خاص بچہ نہیں لیکن اپنی 11 ویں سالگرہ پر اسے ایک خط ملتا ہے جو اسے ایک نئی دنیا میں لے جاتا ہے، دوستی، جادو اور مہمات کی دنیا مگر اس نئی زندگی کیساتھ ایک خطرناک دشمن کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، سیریز میں ہیری پوٹر کا کردار سکاٹش اداکار ڈومینک میک لاگلن ادا کریں گے جنہوں نے ہیری کی مخصوص یونیفارم اور گردن پر نشان کیساتھ پہلی نظر میں ہی شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرلیا ہے، دیگر کاسٹ میں الیسٹیرسٹاٹ (رون)، اریبیلا اسٹینٹن (ہرماینی)، جان لتھگو (ڈمبلڈور)، جینیٹ میک ٹیئر (میکگونگل)، پاپا ایسییدو(سنیپ) اور نک فراسٹ (ہیگرڈ) شامل ہیں۔
یہ نئی سیریز ہیری پوٹر کی کہانی کو ایک بار پھر پیش کریگی تاہم ابتدائی ردعمل میں کچھ ناقدین نے اسے فلمی سیریز کے مقابلے میں کم متاثر کن قرار دیا ہے۔


