گوانگ ژو (شِنہوا) جرمن کیمیکل کمپنی بی اے ایس ایف نے جمعرات کے روز صوبہ گوانگ ڈونگ میں اپنے بڑے پیداواری کمپلیکس کو مکمل طور پر فعال کر دیا جو چین میں کسی جرمن ادارے کی مکمل ملکیت میں سب سے بڑی سرمایہ کاری کا واحد منصوبہ ہے۔
کمپنی کے مطابق 8.7 ارب یورو (تقریباً 10 ارب امریکی ڈالر) کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ مربوط صنعتی مرکز صوبہ گوانگ ڈونگ کے شہر ژان جیانگ میں تقریباً 4 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بی اے ایس ایف چین میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے طویل مدتی عزم رکھتی ہے جبکہ چین اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دے رہا ہے۔
اس مربوط صنعتی کمپلیکس میں 32 پیداواری لائنیں کامیابی سے شروع کی جا چکی ہیں اور یہاں 70 سے زائد مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں، جن میں بنیادی کیمیکلز، درمیانی مصنوعات اور خصوصی کیمیکلز شامل ہیں جو ٹرانسپورٹ، صارفین کی اشیاء، الیکٹرانکس، گھریلو اور ذاتی نگہداشت کی صنعتوں میں استعمال ہوتے ہیں۔


