پنجاب حکومت نے گرین ٹریکٹرز سکیم کے تحت مزید 10 ہزار کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی فراہمی شروع کردی۔
حکام کے مطابق سی ایم ہائی ٹیک میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو ویٹ اینڈ رائس کمبائن ہارویسٹر فراہم کئے جائیں گے، جبکہ وہ ہائی پاور ٹریکٹرز اور دیگر جدید زرعی مشینری بھی آسان شرائط پر حاصل کر سکیں گے۔
پروگرام کیلئے کاشتکاروں اور سروس پرووائیڈرز کو مجموعی طور پر 30ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، علاوہ ازیں 4ارب روپے کی لاگت سے 5ہزار سپر سیڈر بھی کاشتکاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، رائس سپر سیڈر کے استعمال سے فصلوں کی باقیات جلانے کی ضرورت کم ہوگی، جس سے سموگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
جاری بیان میں وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے کاشتکاروں کو میکانائزیشن کے ذریعے جدید فارمنگ کی جانب گامزن کیا جا رہا ہے، زرعی میکانائزیشن سے نہ صرف پیداواری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ فی ایکڑ پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ روایتی و فرسودہ طریقوں کو چھوڑ کر جدید زرعی مشینری کا استعمال اپنائیں۔
واضح رہے کہ اب تک 20ہزار سے زائد گرین ٹریکٹرز کاشتکاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔


