وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مستحکم رکھنے کیلئے ترقیاتی بجٹ میں 100ارب روپے کا کٹ لگا دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کیلئے تمام ترقیاتی منصوبوں پر 10 فیصد کٹوتی کی ہے، اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کو مستحکم رکھا جا سکے اور عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائی جاتیں تو اس کا براہِ راست اثر مہنگائی پر پڑتا جس سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا۔
واضح رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ 1000ارب روپے رکھا تھا جو کٹوتی کے بعد 900ارب روپے رہ جائے گا۔


