ہومانٹرنیشنلامریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکاتی امن منصوبہ بھیج...

امریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکاتی امن منصوبہ بھیج دیا، نیویارک ٹائمز

واشنگٹن (شِنہوا) نیویارک ٹائمز نے دو نامعلوم حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکہ نے جاری جنگ کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ذریعے ایران کو 15 نکاتی امن منصوبہ بھیجا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اس تنازع سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے کی خواہاں ہے کیونکہ اسے معاشی اثرات کا سامنا ہے۔

منصوبے میں ایران کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرامز کو زیرِ بحث لایا گیا ہے جبکہ سمندری راستوں خصوصاً آبنائے ہرمز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ پاکستان کے ذریعے پہنچایا گیا یہ منصوبہ ایرانی حکام کے ساتھ کس حد تک شیئر کیا گیا ہے اور آیا ایران اسے مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کرے گا یا نہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بات بھی غیر واضح ہے کہ آیا اسرائیل اس تجویز سے متفق ہے یا نہیں۔

اسرائیل کے چینل 12 نے بھی منگل کو رپورٹ کیا کہ واشنگٹن نے تہران کو ایک ماہ کی جنگ بندی کے لئے 15 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے۔

ٹی وی چینل نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر فوری جنگ بندی کے لئے اس منصوبے کو فروغ دے رہے ہیں تاکہ 30 دن کے اندر اس 15 نکاتی منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی جوہری صلاحیت ختم کرے، یورینیم کی افزودگی مکمل طور پر بند کرے اور کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کی مستقل یقین دہانی کرائے۔

اس کے علاوہ تہران کو خطے میں اپنے اتحادی گروہوں کی مالی اور عسکری مدد روکنے اور آبنائے ہرمز کو عالمی جہاز رانی کے لئے کھلا رکھنے کی ضمانت دینا ہوگی۔ چینل کے مطابق اس کے بدلے میں واشنگٹن ایران پر پابندیاں ختم کرنے، جنوبی ایران کے شہر بوشہر میں سویلین جوہری توانائی منصوبے کی ترقی میں مدد اور "دوبارہ پابندیاں عائد کرنے ” کے طریقہ کار کے خطرے کو ختم کرنے کی پیشکش کر رہا ہے، جس کے تحت اقوام متحدہ کی سابقہ پابندیاں دوبارہ نافذ کی جا سکتی ہیں۔

فی الحال ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ جنگ فوری طور پر ختم ہونے والی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے منگل کو کہا کہ سفارتی کوششیں جاری ہیں تاہم ایران پر فوجی حملے بھی بدستور جاری ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں