شہر قائد سے تعلق رکھنے والے 74 سالہ نسیم الدین نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کے رہائشی معمر ترین ویلڈر کا تیسرا عالمی ریکارڈ منظور کرلیا، نسیم الدین نے ہاتھ میں انڈا پکڑ کر 38 ماربل ٹائلز کو توڑ ڈالا، اس سے پہلے یہ ریکارڈ 30 ماربل ٹائلز توڑنے کا تھا، گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے نئے ریکارڈ کی تصدیق کی ای میل موصول ہوگئی ہے جبکہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
نسیم الدین اس سے قبل اپنے مکے کی مدد سے 163 اخروٹ توڑنے کا عالمی ریکارڈ بھی بنا چکے ہیں جبکہ ایک ہاتھ کی مدد سے سیب کچلنے کا عالمی ریکارڈ بھی نسیم الدین کے پاس ہے۔
نسیم الدین کی پوتی، پوتا، بیٹا اور بہو بھی پاکستان کیلئے عالمی ریکارڈز قائم کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
نسیم الدین نے اپنا ریکارڈ پاکستان آرمی کے نام کرتے ہوئے کہاہے کہ میرا ریکارڈ تمام ہم وطنوں کیلئے ہے جو ملک سے محبت کرتے ہیں۔
مجھے فخر ہے کہ میں اور میرے اہل خانہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔


