چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کے شیڈول میں تبدیلی پر شائقین کرکٹ سے معذرت کرلی۔
لاہور میں محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل 11کی تمام ٹیموں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، چیئرمین پی سی بی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا استقبال کیا۔
تقریب کے دوران پی ایس ایل 11کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جبکہ پی ایس ایل 11کا ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں، آپکو ملک و قوم کا وسیع تر مفاد سب سے پہلے دیکھنا ہوتا ہے، خطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔
مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئیگی۔
انکا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے اور ہم نے اسے مزید آگے لیکر جانا ہے۔
تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطااللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک سمیت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے شرکت کی۔
فرنچائز اونرز، ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم، قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سمیت پی ایس ایل کیلئے آئے ہوئے انٹرنیشنل کھلاڑی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔


