معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان فضا علی نے عیدالفطر کے موقع پر اپنی دوسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری سنا دی ہے۔
فضا علی نے عیدالفطر کے پہلے روز اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی نئی زندگی کے آغاز سے آگاہ کیا، تصاویر میں انکے شوہر اور بیٹی بھی موجود ہیں جس نے اس موقع کو مزید خاص بنا دیا، انہوں نے ایک سادہ اور نجی تقریب میں اعجاز خان سے نکاح کیا۔
اداکارہ نے اپنی شادی کے بعد شیئر کی گئی تصاویر میں سیاہ رنگ کا نیم رسمی لباس زیب تن کیا جس کیساتھ بھورے رنگ کا خوبصورت کشیدہ کاری والا دوپٹہ اوڑھا ہوا تھا۔
انہوں نے پھولوں سے سجا ہوا ہیڈ پیس اور ہلکی جیولری پہن رکھی تھی، جبکہ انکے شوہر نے سفید پھولوں سے سجا انداز اپنایا، دونوں نے اپنے ہاتھوں پر مہندی سے ایک دوسرے کے نام بھی لکھوائے۔
فضا علی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 41سال کی عمر میں اللہ نے انہیں وہ محبت اور خوشی عطا کی جس کا وہ طویل عرصے سے انتظار کر رہی تھیں، آج انہیں اپنا جیون ساتھی مل گیا ہے، اب وہ صرف فضا علی نہیں بلکہ مسز اعجاز بھی ہیں، نئی زندگی کے آغاز پر انہوں نے اپنے مداحوں سے دعاں کی درخواست بھی کی۔


