ہومپاکستانپانی کا تحفظ ماحولیاتی تقاضا، آئندہ نسلوں کیلئے اخلاقی ذمہ داری بھی،...

پانی کا تحفظ ماحولیاتی تقاضا، آئندہ نسلوں کیلئے اخلاقی ذمہ داری بھی، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آبی وسائل کے تحفظ کیلئے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

عالمی یومِ آب کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پانی ہماری کرہ ارض کی رگِ حیات ہے اور یہ ایک ایسی مشترکہ نعمت ہے جو انسانیت کو جوڑتی اور تہذیبوں کو قائم رکھتی ہے، اس قیمتی اثاثے کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی تقاضا ہے بلکہ آنیوالی نسلوں کیلئے ایک اخلاقی ذمہ داری بھی ہے، معاشرے کے تمام طبقات کو پائیدار طرزِ عمل اپناتے ہوئے ہر شہری کیلئے صاف پانی تک منصفانہ اور مساوی رسائی کو یقینی بنانا چاہئے۔

انہوں نے سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے یکطرفہ اقدامات کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی معاہدے کو معطل یا کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاں کے قدرتی بہا کو روکنے اور ڈیم بنانے کی مسلسل کوششیں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہیں، جو نہایت غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ مذمت عمل ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی اقدامات کا فوری نوٹس لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ بین الاقوامی معاہدوں کا احترام انکی روح اور متن کے مطابق کیا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ عالمی یومِ آب اس حوالے سے تحفظ، تعاون اور انصاف کیلئے عالمی عزم کو مزید مضبوط کریگا اور اقوام کو تنازعات کے بجائے مکالمے کا راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دیگا تاکہ ایک پائیدار، محفوظ اور پرامن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں